نئی دہلی،23/اکتوبر(ایس اونیوز/ آئی این ایس انڈیا) سی پی ایم نے تریپورہ میں پارٹی کے سینئر لیڈر بادل چودھری کو ہسپتال سے گرفتار کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اس طرح کی جابرانہ کارروائی سے پارٹی کارکنوں کا حوصلہ نہیں ٹوٹتا۔سی پی ایم پولٹ بیورو کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چودھری کو بغیر کسی مضبوط بنیاد کے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ہسپتال میں داخل تھے اور تریپورہ ہائی کورٹ سے ان کی پیشگی ضمانت عرضی پر حکم جاری ہونا تھا۔پولٹ بیورو نے پیشرو بایاں محاذ حکومت میں عوامی امورکے وزیر رہے چودھری کے خلاف لگائے گئے مالی بدعنوانی کے الزامات کو غلط بتاتے ہوئے کہا کہ بے بنیاد الزامات کے سبب ہسپتال کے میڈیکل روم میں داخل لیڈر کو گرفتار کرنا حکومت کے جابرانہ رویہ کی عکاسی کرتا ہے۔پارٹی نے کہا کہ چودھری کے معاملے میں سی پی ایم قانونی اور سیاسی جنگ پوری شدت سے لڑے گی۔پولٹ بیورو نے تریپورہ میں بی جے پی حکومت کی نام نہاد مہم کے خلاف پارٹی کارکنان سے اس کی تحریک کو جاری رکھنے کی اپیل کی۔